(8 اگست 2025): لارنس بشنوئی گینگ نے کینیڈا میں معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ کرنے کی اصل وجہ بتا دی۔
انڈین میڈیا کے مطابق لارنس بشنوئی گینگ کے ایک رکن ہیری باکسر کا مبینہ آڈیو کلپ سامنے آگیا جس میں اس نے کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ کرنے کا ذکر کیا۔
ہیری باکسر نے کہا کہ کپل شرما نے کیفے کا افتتاح بالی وڈ اسٹار سلمان خان سے کروایا اس لیے فائرنگ کی۔ اس نے خبردار کیا کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے کسی بھی ہدایت کار، پروڈیوسر یا فنکار کو سینے میں گولی ماری جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کپل شرما اور راجپال یادو کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول
گینگسٹر نے مزید کہا کہ کپل شرما کے کیفے میں دو مرتبہ فائرنگ اس لیے ہوئی کیونکہ کامیڈین نے سلمان خان کو نیٹ فلکس شو کے موقع پر افتتاح کیلیے مدعو کیا تھا۔
واضح رہے کہ سلمان خان ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے سیزن 3 کے پہلے ایپیسوڈ میں نظر آئے تھے جس کا پریمیئر 21 جون کو نیٹ فلکس پر نشر کیا گیا۔
سلمان خان 1998 میں ایک کالے ہرن کو ہلاک کرنے میں ملوث ہونے ہونے کی وجہ سے لارنس بشنوئی گینگ کے نشانے پر ہیں۔
ہیر باکسر نے مبینہ آڈیو میں مزید کہا کہ اگر کوئی سلمان خان کے ساتھ کام کرتا ہے چاہے وہ چھوٹا اداکار ہو یا بڑا، غیر مقبول ڈائریکٹر ہو یا مقبول ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے ہم انہیں سینے میں گولی مار دیں گے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو کپل شرما کے کینیڈا میں واقع کیفے پر ایک ماہ میں دو بار فائرنگ کی گئی۔ کیفے پر کم از کم 25 گولیاں چلائی گئیں تاہم اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
بشنوئی گینگ کے رکن گولڈی ڈھلون نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جو پنجاب پولیس اور این آئی اے کو مطلوب ہے۔