کراچی: کلفٹن میں لڑکا اور لڑکی کے قتل کے واقعے میں اہم پیشرفت

کراچی کے علاقے کلفٹن میں لڑکا اور لڑکی کے قتل واقعے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، نکاح نامے کی کاپی سامنے آگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ساجد مسیح اور ثنا آصف کا آبائی تعلق گوجرانوالہ سے ہے، دونوں نے کراچی آکر مختلف علاقوں میں رہائش اختیار کی۔

پولیس حکام کے مطابق ساجد مسیح نے 20 جولائی کو اسلام قبول کیا اور دونوں نے کورٹ میرج کی، نکاح نامے کے مطابق ساجد کی عمر 28 اور لڑکی کی عمر 25 برس ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں کو کلفٹن کے قریب فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، دو پستولوں کے خول ملنے سے شبہ ہے قاتلوں کی تعداد بھی کم از کم دو تھی۔

واضح رہے کہ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ساجد اور ثنا کی کلفٹن کے علاقے چائنا پورٹ سے گولیاں لگیں لاشیں ملی تھیں، دونوں کو چہروں پر قریب سے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

یہ پڑھیں: گجرانوالہ سے بھاگ کر کراچی آنے والے ساجد مسیح اور ثنا آصف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی

پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں لاشیں چھیپا سرد خانے منتقل کر دی گئی ہیں، رپورٹ کے مطابق مرد اور خاتون کے سروں میں گولیاں لگی ہوئی تھیں، عورت کے سر پر پیچھے کی جانب سے گولیاں ماری گئیں جو گردن سے نکلی، مرد کے سر پر پچھلی جانب سے گولی داخل ہوئی اور جبڑے سے باہر نکلی۔

دونوں متوفیوں کی موت گولیاں لگنے سے ہوئی، اور ان کی شناخت تلاش ایپ کے ذریعے معلوم کی گئی۔

اس کیس کی تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہ مقتول لڑکے ساجد مسیح پر مقتولہ لڑکی ثنا آصف کے بھائیوں نے گوجرانوالہ میں اغوا کا مقدمہ درج کرا رکھا تھا، پولیس کے مطابق مقتول ساجد کے خلاف گجرانوالہ کے تھانے تتلی میں مقتولہ ثنا کو اغوا کرنے کا مقدمہ لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں 10 روز قبل درج کیا گیا تھا۔