کراچی : اورنگی ٹاؤن ڈکیتی میں ملوث مزید 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان نے گھرمیں 40 کروڑ اور اسلحہ موجود ہونے کی مخبری کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقے اورنگی ٹاؤن ڈکیتی کیس میں مزید دوملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، پولیس نے بتایا کہ سہیل رضوی اورشاہ رخ کو گرفتار کرکے پولیس موبائل تحویل میں لے لی ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار دونوں ملزمان نے گھر میں چالیس کروڑاوراسلحہ موجود ہونے کی مخبری کی تھی۔
دوسری جانب سابق ایس ایس پی ساؤتھ کو بھی جے آئی ٹی نے شامل تفتیش کرلیا ہے ، سابق ایس ایس پی عمران قریشی کا دوبارہ بیان لیا جائے گا۔
اس سے قبل کراچی میں ڈکیتیوں میں ملوث ڈی ایس پی عمیر طارق باجاری نے جے آئی ٹی پر اعتراض اٹھایا تھا، میر طارق باجاری نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں شامل ایس ایس پی غربی اور ایس ایچ او پیرآباد پر اعتراض کیا۔
اس سلسلے میں عمیر طارق باجاری نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دے دی، جس میں تحقیقات غیر جانبدار افسران سے کرانے کی استدعا کی گئی ہے۔
واضح رہے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سینیٹری کے ہول سیل تاجر شاکر خان کے گھر پولیس نے ڈکیتی نما چھاپے میں ڈھائی کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کی تھی ، جس کے بعد اس تمام تر جرم میں کراچی ساؤتھ پولیس کے زیرِ تربیت ڈی ایس پی کے براہِ راست ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے تھے، جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔