کراچی کے علاقے ناظم آباد کے رہائشی 3 افراد ہاکس بے کے ساحل پر ڈوب گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایدھی کے غوطہ خوروں نے ایک شخص کو بچا لیا جبکہ ایک شخص کی لاش نکال لی گئی ہے۔
ریسکیو عملے سے جس نوجوان کو بچایا اس کی شناخت حسنین کے نام سے ہوئی جبکہ بلال نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا ہے۔
ریسکیو حکام کی جانب سے شہاب نامی تیسرے نوجوان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ایدھی کے غوطہ خوروں کا کہنا ہے کہ مغرب تک تیسرے نوجوان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رہے گا، اندھیرے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن روک دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی کراچی میں ہاکس بے کے ساحل پر پکنک مناتے ہوئے تین نوجوان ڈوب گئے تھے، ریسکیو حکام نے بتایا تھا کہ واقعہ عبدالرحمن گوٹھ کے قریب پیش آیا جہاں تینوں دوست نہاتے ہوئے سمندر میں ڈوبے۔
ڈوبنے والوں کی شناخت خضر، ارباز اور ارمان کے ناموں سے ہوئی تھی۔ ایدھی کے غوطہ خوروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو نیم بے ہوشی کی حالت میں سمندر سے نکال کر سول اسپتال کراچی منتقل کیا تھا۔