کراچی : دورانِ ڈکیتی خاتون سے اجتماعی زیادتی کرنے والے 3 ملزمان گرفتار ، اعتراف جرم کرلیا

کراچی : دورانِ ڈکیتی خاتون سے اجتماعی زیادتی کرنے والے 3 ملزمان گرفتار ، اعتراف جرم کرلیا

کراچی (29 جولائی 2025) : دورانِ ڈکیتی خاتون سے اجتماعی زیادتی کرنے والے 3 ملزمان گرفتار کرلیا گیا ، تینوں ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی اور ڈکیتی میں ملوث تین خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے خاتون کے گھر میں گھس کر نہ صرف زیورات، نقدی اور قیمتی سامان لوٹا بلکہ متاثرہ خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا۔

حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت عادل، شیراز اور یاسر کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے

مزید پڑھیں : کراچی: میمن گوٹھ میں مبینہ اجتماعی زیادتی سے لڑکی حاملہ ہوگئی

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں تینوں ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اس واردات میں ان کے دو مزید ساتھی بھی شامل تھے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان مختلف وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور ان کا کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔

متاثرہ خاتون کا میڈیکل چیک اپ کرایا جا رہا ہے جبکہ کیس کو انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔