کراچی میں 4 سال کی بچی مبینہ طور پر اغوا، 15 لاکھ روپے تاوان طلب

کراچی بچی اغوا

کراچی کے علاقے سول لائنز سے 4 سال کی بچی کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سول لائنز ہجرت کالونی سیکٹر ڈی ٹو گلی نمبر 32 سے بچی مائرہ مبینہ طور پر اغوا ہوئی۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

فوٹیج میں مائرہ کی بڑی بہن کو اغوا کاروں کے پیچھے بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے 15 لاکھ روپے تاوان طلب کیا ہے۔

والد کے مطابق بچی کی بڑی بہن نے روکنے کی کوشش کی لیکن اغوا کار بیٹی کو لے کر فرار ہوگئے۔

تھانے کی پولیس کہتی ہے کہ کیس اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے پاس ہے اور گھر والے بھی پولیس کی کارکردگی سے مایوس ہیں۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بچی کو بازیاب کروائیں۔