کراچی انچولی حادثہ، پولیس نے ظفر عباس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا

کراچی کے علاقے انچولی میں حادثے کے ذمہ دار جے ڈی سی سربراہ ظفر عباس کے ڈرائیور عرب رضا کو پولیس نے گرفتار کرکے گاڑی برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ڈرائیور سے ابتدائی بیان لیا جارہا ہے، ظفر عباس کا نوجوانوں کے موٹر سائیکل کی ہیڈ لائٹ بند ہونے کا بیان بھی غلط نکلا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈبل کیبن گاڑی کو رانگ وے جاتے دیکھا جاسکتا ہے، ڈرائیور نے رانگ وے سے دوسری سڑک پر جانے کی کوشش کی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی نوجوانوں کے اہلخانہ سمن آباد پولیس سے رابطے میں ہیں۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے اہلخانہ فی الحال مقدمہ درج نہیں کروارہے، بچوں کے علاج میں مصروف ہیں، مقدمے سے متعلق بعد میں فیصلہ کریں گے۔

یہ پڑھیں: کراچی میں ظفر عباس کے نام رجسٹرڈ گاڑی سے زخمی نوجوانوں کی حالت تشویشناک

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صحیح راستے پر آنے والے موٹر سائیکل سوار گاڑی سے ٹکرائے جبکہ نوجوانوں کو موٹر سائیکل سے اچھل کر دور فٹ پاتھ پر گرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوا، شہری جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے، حادثے کے وقت ڈبل کیبن گاڑی میں دو گارڈز بھی بیٹھے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ظفر عباس کے نام پر رجسٹرڈ گاڑی نے گزشتہ روز موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔