کراچی ایئرپورٹ سے جعلی دستاویز پر بیرون ملک جانے والے 4 مسافر گرفتار

کراچی ایئرپورٹ

کراچی ایئرپورٹ سے جعلی دستاویز پر بیرون ملک جانے والے 4 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایک مسافر انڈولا اور تین مسافر جعلی دستاویز پر ترکیہ جارہے تھے، ملزمان میں عبداللہ، عامر اقبال، عبدالسفیان اور گلفام احمد شامل ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ کے رہائشی گلفام احمد سے اسپین کا جعلی ٹرانزٹ ویزا بھی برآمد ہوا ہے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کردیا گیا ہے۔

 اس سے قبل ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے کراچی ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دوحہ جانے والی پرواز کے ایک مسافر سے 5.7 کلو گرام حشیش برآمد کر لی۔

اے ایس ایف حکام کے مطابق دوحہ کی پرواز پر جانیوالے مسافر ارمان نے مذکورہ منشیات برتنوں میں مہارت سے چھپا رکھی تھی۔

تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی-

اے ایس ایف حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ حشیش کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔