کراچی دھماکا: فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، ایئرپورٹ حکام

کراچی ایئرپورٹ

کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے جبکہ مسافروں کیلیے ائیرپورٹ آنے والی سڑک بھی کھلی ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب سگنل پر آئل ٹینکر میں زوردار دھماکا ہوا جس میں اب تک 6 افراد زخمی اور 4 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی پولیس چیف سے واقعےکی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت سے متعلق تفصیلی آگاہی دی جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

قبل ازیں، وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایس ایس پی ملیر سے رابطہ کیا اور ہدایت کی کہ حقائق سے فی الفور آگاہ کیا جائے۔

ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ علاقہ پولیس اور افسران جائے وقوعہ پر موجود ہیں، واقعے سے متعلق تمام حقائق جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔