وہ لمحہ جب کراچی اور ملتان کے میچ کا پانسہ پلٹ گیا!

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 میں گزشتہ شب ملتان سلطانز نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 3 رنز سے ہرا دیا ایک رن آؤٹ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ رہا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ ایسا ہی ایک مقابلہ گزشتہ شب دیکھنے میں آیا جب ملتان سلطانز نے ایک اعصاب شکن مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 3 رنز سے شکست دے کر ہوم گراؤنڈ پر اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

پی ایس ایل کے اس بڑے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان کی جارحانہ سنچری اور شان مسعود کی نصف سنچری سے تقویت پاتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغاز بھی متاثر کن تھا۔ بالخصوص انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر جیمز ونس بھرپور فارم میں نظر آئے اور رواں پی ایس ایل کی تیز ترین نصف سنچری بھی جڑی۔

یہ کراچی کنگز کی اننگ کا دسواں اوور تھا۔ شیر کھلاڑی ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف کا نصف سے زائد عبور کرچکے تھے اور 105 رنز بن گئے تھے۔ جیمز ونس 33 گیندوں پر 75 رنز کے ساتھ کریز پر موجود اور ہدف کے تعاقب کے ساتھ سنچری کی جانب بھی گامزن تھے کہ ایسے میں وہ ہوا جو کسی کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا۔

اس اہم مرحلے پر جیمز ونس نے کور میں شاٹ کھیلا۔ سامنے کریز پر موجود حیدر علی نے رنز لینے کی غلط کال دی۔ جیمز ونس رنز لینے کے لیے دوڑے لیکن فیلڈر کے ہاتھ میں گیند دیکھتے ہی واپس کریز کی جانب ہوئے تاہم اس وقت تک دیر ہوچکی تھی اور وکٹ کیپر محمد رضوان فلیڈر سے گیند ملنے کے فوری بعد بیلز اڑا چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کب دولہا بنیں گے؟ پتہ چل گیا

اس وکٹ کے ساتھ ہی میچ کا پانسہ پلٹ گیا اور کراچی کنگز فتح سے صرف چند قدم ہی دور رہ کر ہار گئی۔