کراچی کے شاپنگ سینٹر میں نامعلوم شخص کی اندھا دھند فائرنگ ، بھگدڑ مچ گئی

کراچی کے شاپنگ سینٹر میں نامعلوم شخص کی اندھا دھند فائرنگ

کراچی : شاپنگ سینٹر میں نوجوانوں کے درمیان جھگڑے کے دوران نامعلوم شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے بھگڈر مچ گئی، جھگڑے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سر شاہ محمد سلیمان روڈ پر شاپنگ سینٹر میں نوجوانوں کے درمیان جھگڑا ہوا ، جھگڑے کے دوران نامعلوم شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

جھگڑے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، فوٹیج میں ایک شخص کو ایک نوجوان پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

نامعلوم شخص نے نوجوان کے چہرے پر مکے سے وار کیا جبکہ دونوں کے ساتھیوں نے ایک دوسرے پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کر دی۔

جھگڑے کے دوران ایک شخص نے اسلحہ نکالا اور فائرنگ شروع کر دی۔۔ فائرنگ ہوتے ہی شاپنگ سینٹر میں بھگڈر مچ گئی۔

پولیس کے مطابق جھگڑے میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے اور واقعہ کے حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔