کراچی : آتشزدگی سے متاثرہ ‘عرشی ہائٹس’ کی عمارت رہائش کے قابل ہیں یا نہیں؟

عرشی شاپنگ سینٹر

کراچی :سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے آتشزدگی سے متاثرہ عرشی شاپنگ سینٹر کی عمارت کو رہائش کے قابل قرار دے دیا اور کہا رہائشی فلیٹس کی بنیادوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم عرشی مال پہنچی ، 6رکنی ٹیم نے شاپنگ سینٹرکی عمارت کے متاثرہ حصوں کا معائنہ کیا، ایس بی سی اے نے کہا کہ معائنے کے بعد عمارت کو کلیئر قرار دینےکا فیصلہ کیا جائے گا۔

کے ڈی اے اور ایس بی سی اے افسران نے جائے حادثے کا معائنہ مکمل کیا ، جس کے بعد ایڈیشنل ڈی جی ایس بی سی اے نے ڈی جی اےایس بی سی اے کو رپورٹ پیش کردی۔

ایڈیشنل ڈی جی ایس بی سی اے بینش شبیر نے کہا کہ رہائشی فلیٹس کی بنیادوں کوکوئی نقصان نہیں پہنچا، جس کے بعد کمیٹی نےعمارت کورہائش کے قابل قرار دےدیا۔

بینش شبیر کا کہنا تھا کہ متاثرہ عمارت کےگراؤنڈ فلور کی بنیادیں اور پلر پر مرمت کی ضرورت ہے، گراونڈ فلور پر قائم 10دکانیں مکمل طور پر جل گئیں جبکہ 3دکانوں کو اسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ عمارت مخدوش نہیں ہے، عمارت رہائش کے قابل ہے اس کی حتمی رپورٹ بنائی جارہی ہے، متاثرہ عمارت کے مکینوں کو رہائش کے حوالے سےسہولت فراہم کردی جائے۔

عمارت کو ڈی سیل کرنے کیلئے ڈی جی ایس بی سی اے کا ادارے کے دیگر افسران سے رابطہ کرلیا ہے۔

یاد رہے کراچی عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ چوہتر اپارٹمنٹس اور سو سے زائد دکانوں کو نقصان پہنچا۔

گذشتہ شام عرشی شاپنگ سینٹر کی ایک دکان میں آگ لگی دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا تھا، عینی شاہدین کے مطابق فائربریگیڈ پندرہ سےبیس منٹ تاخیرسے پہنچنے پر آگ نے مزید شدت اختیار کی، تاہم آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی۔