کراچی: سمندر میں لانچ کے ذریعے ایران سے پاکستان ڈیزل اسمگلڈ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور 18271 لٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا، جس کی مالیت تقریباً 49 لاکھ 33 ہزار روپے ہے۔
تفصیلات کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے ڈیزل کی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔
ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز سید محمد رضا نقوی نے بتایا سمندر میں لانچ کے ذریعے ایران سے پاکستان ڈیزل اسمگلڈ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسٹمز کی چھاپہ مار ٹیم نے بحیرہ عرب میں ارماڑہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ’’الخُولہ‘‘ نامی لانچ کو روکا اور تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں ڈیزل برآمد کیا۔
کارروائی کے دوران لانچ سے 18271 لٹر ایرانی ڈیزل برآمد ہوا جس کی مالیت تقریباً 49 لاکھ 33 ہزار روپے ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی لانچ کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ ضبط شدہ ڈیزل اور لانچ کی مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ 49 لاکھ روپے بنتی ہے۔
کسٹمز حکام نے اسمگلرز کو گرفتار کرتے ہوئے ڈیزل اور لانچ اپنی تحویل میں لے لیے ہیں اور ان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔