کراچی : راشد منہاس روڈ پر ڈمپرز جلانے والے 16 ملزمان کی ضمانت منظور

کراچی : راشد منہاس روڈ پر ڈمپرز جلانے والے 16 ملزمان کی ضمانت منظور

کراچی : راشد منہاس روڈ ڈمپرز جلانے کے مقدمات میں 16 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی گئی، عدالت نے 19 اگست کو تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں راشد منہاس روڈ پر ڈمپرز جلانے کے مقدمات میں 16 ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے دونوں مقدمات میں تمام ملزمان کی ضمانت منظور کرلی اور یوسف پلازہ تھانے کے مقدمے میں گرفتار 9 ملزمان کو ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا، جبکہ ایف بی انڈسٹریل ایریا کے مقدمے میں گرفتار 7 ملزمان کو بھی ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔

یاد رہے کہ عدالت نے 19 اگست کو تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے ایک بہن بھائی جاں بحق ہوگئے تھے۔

افسوسناک حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپرز کو آگ لگا دی تھی، جس پر انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

بعد ازاں راشد منہاس روڈ پر ڈمپر اور موٹر سائیکل کے خوفناک حادثے کے بعد شر پسندوں کی جانب سے سات ڈمپرز کو اگ لگانے کے واقعے کی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے چار رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی جس میں ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی اور ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ ون انعم تجمل شامل تھے۔

ٹیم کو ملزمان کی شناخت، گرفتاری اور ٹھوس شواہد جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور تحقیقات کی پیش رفت کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔