اعلیٰ ثانوی بورڈ کراچی نے طلبہ کی آسانی کیلیے برا اقدام اٹھاتے ہوئے نظام کو جدید تقاضوں سے استوار کر کے انٹر بورڈ آفس میں سہولت مرکز قائم کر لیا۔
سہولت مرکز کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے کیا جس کے بعد مختلف فارم یا کاغذات سے طلبہ کو نجات مل گئی۔
چیئرمین انٹر بورڈ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ امیدوار اب صرف ایک فارم پُر کریں گے اور تمام مطلوبہ دستاویزات حاصل کر سکیں گے، کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ کو مکمل پیپر لیس کرنے کیلیے بورڈ آفس میں فیسلیٹیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹر بورڈ آفس میں لمبی لائنوں سے طلبہ کی جان چھوٹ گئی، صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی کی ہدایت پر نقل کی روک تھام کیلیے کوسچن ائٹم ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ پر بھی کام شروع ہوگیا۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ نئے سیشن کے آغاز سے اساتذہ اور طلبہ کو ای مارکنگ اور او ایم ار کے حوالے سے پریکٹس کروائیں گے، اگلے سالانہ امتحان میں ہم ای مارکنگ اور او ایم آر کو عمل درآمد کروا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کام کی رفتار تیز کرنے کیلیے رواں سال کے سالانہ امتحانات برائے 2024 کے نتائج کیلیے چھ اسسمنٹ سینٹرز قائم کیے،رواں سال 2024 کے انٹر بورڈ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان اگست کا مہینہ گزرنے سے قبل ہو جائے گا۔