اسسٹنٹ کمشنر لیاری شہریار حبیب نے کہا ہے کہ ضلع ساؤتھ اور لیاری میں کل سے مخدوش عمارتیں گرانے کا کام شروع ہو گا۔
کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں گرنے والی مخدوش عمارت کا ملبہ ہٹا دیا گیا، 60 گھنٹے تک جاری رہنے والی ریسکیو آپریشن کے دوران 27 لاشیں کو نکالا گیا۔
ریسکیو آپریشن مکمل ہونےکے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن 60 گھنٹے تک دن رات جاری رہا جس کے ملبے سے 27 لاشیں نکالی گئیں جب کہ 10 زخمیوں کو نکالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ عمارت کے اطراف 3 عمارتوں کا ایس بی سی اے کل معائنہ کرے گی، 2 عمارتیں مخدوش نظر آرہی ہیں جنہیں فوری گرایا جائے گا، اطراف کی عمارتوں میں رہنے والے فی الحال رشتےداروں کے گھر جا چکے ہیں۔
اےسی کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 51 عمارتیں انتہائی خطرناک ہیں کل سے ایکشن ہو گا، متاثرین کو متبادل فراہم کرنے کیلئے حکومت منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی اور ناقص تعمیرات کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہو گی اگر ادارے کا کوئی شخص ملوث ہوا تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ نے سانحہ لیاری پر تفصیلی اجلاس کل طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ عمارت گرنےکی وجوہات معلوم کریں گے اور غفلت برتنے والوں کو سزا بھی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں 480 زائد عمارتیں خطرناک قرار دی گئی ہیں ان سے گھر خالی کرنے کا کہو تو لوگ تحفظ مانگتے ہیں۔