کراچی/خیرپور: کراچی سے مانسہرہ اور کینجھر جھیل جانے والی 2 بسیں راستے میں الٹنے کے باعث 9 مسافر جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے پکنک پر کینجھر جھیل جانے والی ایک بس ٹھٹھہ بائی پاس کے قریب الٹ گئی ہے، جس کے باعث 6 مسافر جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹھٹھہ بائی پاس پر بس الٹ کر کھائی میں گر گئی تھی، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق اورنگی ٹاؤن سے ہے، حادثے کی شکار بس کے مسافر کینجھر جھیل پکنک کے لیے جا رہے تھے۔
دوسرے واقعے میں کراچی سے مانسہرہ جانے والی ایک مسافر بس خیرپور میں ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہراہ پر پھسلن کے باعث الٹ گئی، اس حادثے میں 3 افراد جاں بحق، اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جب کہ مرنے والوں میں ایک خاتون اور ڈرائیور بھی شامل ہے۔