کراچی : 7 سالہ ننھے آبان کے سفاکانہ قتل کا مقدمہ درج

کراچی قتل آبان

کراچی : 7سالہ ننھے آبان کے لرزہ خیز قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مدعی مقدمے نے کہا کہ نامعلوم ملزمان نے میرے بیٹے آبان کو زخمی کرکے قتل کیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 16میں 7سالہ آبان کے سفاکانہ قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، یوسف پلازہ تھانے میں قتل کی دفعہ302کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

مدعی مقدمہ مظہر اویس نے بتایا کہ 3 ماہ سے کرائے پر اپنی فیملی کے ساتھ رہائش پزیر تھا، فارما کمپنی نمائش پر کام کرتا ہوں، ساڑھے 3 بجے میری بیوی نے بتایا کہ ابان غائب ہے اور ابھی تک واپس نہیں آیا، میں فوری طور پر ابان کی تلاش محلے میں کرنے لگا۔

مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ میرے بہنوئی نے کہا شہریار کی تصویر بھیج رہا ہوں یہ ابان تو نہیں، جس پر میں نے کہا یہ میرا بیٹا ابان ہی ہے، میں عباسی شہید اسپتال پہنچ گیا، مردہ خانے میں میرے بچے کی گلا کٹی لاش موجود تھی، نامعلوم ملزمان نےمیرےبیٹےابان کوزخمی کرکے قتل کیا۔

گزشتہ روز شہرقائد میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا ، جس میں کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک سولہ میں گھر سے چیز لینے کے لیے جانے والا بچہ گھر نہ لوٹ سکا۔

نامعلوم افراد نے سات سالہ بچےکو بےدردی سے قتل کردیا، کار سوار ملزمان کم سن آبان کو شدید زخمی حالت میں کارڈیواسپتال کےقریب جھاڑیوں میں پھینک کر فرار ہوئے۔

عینی شاہدین نے بچے کو اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ دم توڑگیا، بچے کے گلے پر گہرا زخم موجود تھا، پولیس نےخدشہ ظاہر کیا تھا کہ بچے کے گلے کو کسی تیز دھار آلے سے کاٹا گیا ہے، آبان دوسری جماعت کا طالبعلم اور تین بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔