کراچی چیمبر آف کامرس نے ایف بی آر قوانین کے خلاف 19 جولائی کو ہڑتال کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس کا کہنا ہے کہ 19 جولائی کو کاروبار مکمل بند رکھیں گے، ایف بی آر کے قانون 37 ڈبل اے، 37 بی کے خلاف مکمل ہڑتال کریں گے۔
کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی نے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو مزید ہڑتالیں کی جائیں گی۔
جاوید بلوانی کا کہنا تھا کہ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، راولپنڈی چیمبر بھی ہڑتال کریں گے، ایف بی آر کو جو اختیارات دیے گئے ہیں اس میں کاروبار ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایف بی آر کے قانون 37 اے اور 37 بی کے خلاف کراچی، لاہور اور فیصل آباد چیمبرز آف کامرس نے کاروبار بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔
پریس کانفرنس میں صدر کراچی چیمبر آف کامرس جاوید بلوانی کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام چیمبر ہڑتال کے حوالے سے مشاورت کر رہے ہیں اور جلد مشاورت کر کے ملک گیر کاروبار بند کرنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔
لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر ابوذر شاد نے کہا کہ موجودہ حکومت کو گرانے کے لئے یہ ایف بی آر کافی ہے جبکہ نارتھ کراچی ایسوسی ایشن کے صدر فیصل معیز خان نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے کہا کہ وہ ایف بی آر کو تاجردشمن کاروائیوں سے روکنے کیلئے مداخلت کریں۔
پریس کانفرنس میں کراچی کی ساتوں ایسوسی ایشنز کے صدور اور دیگر چھوٹے تاجروں نے حکومت سے فوری طور پر ایف بی آر سے قانون 37 اے اور 37 بی کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا نے سیلز ٹیکس ایکٹ کے نئے سیکشن 37 اے اور 37 بی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر ان ظالمانہ سیکشن کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر لاہور چیمبر ابوذر شاد اور صدر فیصل آباد چیمبر ریحان نسیم بھرارا، پشاور چیمبر کے صدر فضل مقیم نے بذریعہ زوم، کاٹی کے صدر جنید نقی، فباٹی کے صدر شیخ محمد تحسین، عبداللہ ذکی، الیکٹرانک ڈیلرز کے صدر رضوان عرفان، رفیق جدون نے خطاب کیا۔
نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معیز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تباہ کرنے والی بیووکریسی ہے۔ ایف بی آر اور دیگر سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کی وجہ سے ملک سے سرمایہ باہر منتقل ہو رہا ہے۔
صدر فباٹی شیخ محمد تحسین نے کہا کہ کسی بھی تاجر کو جرم ثابت کئے بغیر گرفتار کیسے کیا جا سکتا ہے۔ کراچی چیمبر کے سابق صدر عبداللہ ذکی نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر سے فوری استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اپنے افسران کے اثاثے جاری کرے۔