’احمد کہتا تھا فوجی بنوں گا اس کی لاش فوجیوں نے نکالی‘

کراچی احمد

کراچی میں گزشتہ دنوں کھلے مین ہول میں گرنے والے بچے احمد کی لاش گجرنالے سے برآمد ہوئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے لیاقت آباد کا رہائشی احمد رضا موسلا دھار بارش کے دوران مین ہول میں گر کر زندگی کی بازی ہار گیا۔

11 سالہ احمد رضا تیسری جماعت کا طالب علم تھا اور 19 اگست کو تیز بارشوں کے دوران وہ گھر سے کچھ فاصلے پر مین ہول میں گرا اور تیز پانی میں بہتا ہوا گجرنالے میں ڈوب گیا۔

متوفی احمد 6 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا جس کی ناگہانی موت پر والدین شدت غم سے نڈھال ہیں۔

22 اگست کو بچے کی لاش ماڑی پور سے ملی تھی جسے والدین نے سردخانے میں شناخت کیا۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے والد نے کہا کہ احمد کہتا تھا کہ بڑا ہوکر فوجی بنوں گا اور اس کی لاش بھی فوجیوں نے نکالی۔

والدہ نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں کھلے مین ہولز کے ڈھکن فوری لگوائے جائیں تاکہ دوبارہ کسی کا لخت جگر کے ساتھ ایسا واقعہ رونما نہ ہو۔

احمد رضا کے والد منیر احمد نے بتایا کہ وہ ویلڈنگ کا کام کرتے ہیں اور ان کا بیٹا ان کے بڑھاپے کا سہارا تھا لیکن اداروں کی غفلت کے باعث ان کا بیٹا اب اس دنیا میں نہیں ہے۔