کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 4 بچوں کے باپ کا قتل

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت

کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر 4 بچوں کے باپ کو قتل کردیا گیا ، ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے جس پر پولیس کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ماڑی پور گریکس میں گزشتہ روز ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت جمیل کے نام سے ہوئی، جو 4 بچوں کا باپ اور منی ایکسچینج کمپنی میں ملازم تھا۔

اہل خانہ نے بتایا کہ جمیل نے حال ہی میں پلاٹ خریدا تھا اور اس کی ادائیگی کے لیے 45 لاکھ روپے لے کر آیا تھا، رقم دو تھیلوں میں رکھی گئی تھی جن میں سے ایک تھیلا، جس میں 28 لاکھ روپے تھے، مقتول کی لاش کے نیچے دب گیا جبکہ 17 لاکھ روپے والا تھیلا ملزمان لے کر فرار ہوگئے۔

مزید پڑھیں : کراچی: گلستان جوہر میں فائرنگ سے بچی سمیت 6 افراد زخمی

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے جس پر پولیس کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، ایک ملزم نے پولیس جیسا یونیفارم پہن رکھا تھا اور اس کے پستول پر سائلنسر بھی نصب تھا۔

واردات کے بعد ملزمان موقع پر موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔