کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں سی این جی بھروانے کے دوران گیس سلینڈر کا دھماکا ہوا جس میں ایک نوجوان کی ٹانگیں جسم سے جدا ہوگئیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا میں فیملی کو سیر کے لیے لے جانے والی بس جب سی این جی بھروانے کے لیے پہنچی تو ناقص سلینڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے میں بس بری طرح سے متاثر ہوئی جبکہ واقعے میں ایک نوجوان شدید زخمی ہوا جس کی ٹانگیں جسم سے جدا ہوگئیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ سلینڈر دھماکے کا واقعہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں واقع سنگر چورنگی کے قریب پیٹرول پمپ پر پیش آیا، بس میں سی این جی بھری جارہی تھی کہ اسی دوران زور دار دھماکا ہوا۔
زخمی ہونے والے نوجوان کو ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ زخمی ہونے والے نوجوان کی عمر 33 سال جبکہ نام رمیز ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے فوری بعد ڈرائیور فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق نوجوان کی دونوں ٹانگیں جسم سے جدا ہوگئیں ہیں اور اُس کی حالت تشویشناک ہے۔