کراچی : باپ اور بھائی کو کیوں قتل کیا؟ قاتل بیٹے کے اعترافی بیان میں انکشافات

کراچی : باپ اور بھائی کو کیوں قتل کیا؟ قاتل بیٹے کا اعترافی بیان سامنے آ گیا

کراچی : حیدرآباد کالونی میں باپ اور بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے ملزم کا اعترافی بیان سامنے آ گیا، جس میں اس نے قتل کی وجہ بتائی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے حیدرآباد کالونی میں افسوسناک واقعے کے دوران بیٹے نے فائرنگ کر کے اپنے والد اور بھائی کو قتل جبکہ بھابھی کو زخمی کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے ابتدائی تفتیش مکمل کر لی ہے، جس میں کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا گرفتار ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے پستول میں سائلنسر لگا کر والد، بھائی اور بھابھی پر فائرنگ کی۔ واردات کے لیے استعمال کیا گیا پستول والد کے کمرے کی دراز میں موجود تھا، جس کا اُسے پہلے سے علم تھا۔ سائلنسر بھی اسی گھر سے حاصل کیا گیا۔

ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ میرے 2بچے ہیں اور ملیر میں رہائش پذیرہیں ، کچھ سال قبل دبئی میں ملازمت کرتا تھا اور ہر ماہ گھر پر پیسے بھیجتا رہا، اُس نے والد کا بائی پاس بھی کرایا تھا اور اس مقصد کے لیے لاکھوں روپے دیے تھے جبکہ والدہ کورونا کے باعث انتقال کر چکی ہیں۔

ملزم کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے واپسی کے بعد اسے شدید معاشی مسائل کا سامنا تھا، میں والد اوربھائی سے متعدد بار رقم کا مطالبہ کرچکا تھا جبکہ بھابھی نے مجھ سے جھگڑا کیا اور معاشی طورپرشدید تنگ ہونے کے باعث آج یہ قدم اٹھایا.

ملزم نے الزام عائد کیا کہ اس کی بھابھی نے اس پر جادو کرایا تھا کیونکہ جب بھی بیرون ملک دوبارہ جانے کی کوشش کرتا تھا تو سینے کی تکلیف میں مبتلا ہو جاتا تھا.

پولیس کو دیے گئے بیان میں ملزم کا کہنا تھا کہ اس نے آج کے اقدام کے حوالے سے کسی کو آگاہ نہیں کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم کی جانب سے دیے گئے بیان کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔