کراچی : راشد منہاس روڈ پر حادثے کے بعد ڈمپرز جلانے میں ملوث 18 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، زیر حراست افراد سے آج تفتیش کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈمپرز جلانے کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 18 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ نے بتایا کہ زیر حراست افراد سے آج تفتیش کی جائے گی، جو بے قصور ہوا اُسے رہا کردیا جائے گا۔
عرفان علی بلوچ کا کہنا تھا کہڈمپرزجلانےمیں ملوث افرادکےخلاف قانونی کارروائی کی جائےگی، سی سی ٹی وی کی مدد سے بھی ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کسی بے قصور کو مقدمے میں نامزد نہیں کیا جائے گا اور زیر حراست کسی بھی شخص کی گرفتاری فی الحال ظاہر نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں : کراچی : راشد منہاس روڈ حادثے کے بعد ڈمپروں کو آگ لگانے کے واقعات ، تحقیقاتی ٹیم تشکیل
یاد رہے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر اور موٹر سائیکل کے خوفناک حادثے کے بعد شر پسندوں کی جانب سے سات ڈمپرز کو اگ لگانے کے واقعے کی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے چار رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔
ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی جس میں ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی اور ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ ون انعم تجمل شامل ہیں۔
ٹیم کو ملزمان کی شناخت، گرفتاری اور ٹھوس شواہد جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور تحقیقات کی پیش رفت کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔