کراچی میں وارداتوں سے متعلق رپورٹ جاری

چوروں نے الیکشن کمیشن کے افسران بن کر تاجر سے لاکھوں روپے لوٹ لیے

کراچی: سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) نے شہر قائد میں گزشتہ ماہ اگست ہونے والی وارداتوں سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کر دی۔

سی پی ایل سی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی میں گزشتہ مہینے 5 ہزار 960 وارداتیں رپورٹ ہوئی، اسلحہ کے زور پر 23 گاڑیاں چھینی گئیں جبکہ 150 کاریں چوری ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے 656 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں جبکہ 3385 چوری ہوئیں، ڈاکوؤں نے شہریوں سے ایک مہینے کے دوران 1737 موبائل چھینے جنکہ اغوا برائے تاوان کے 3 اور بھتہ خوری کے 6 واقعات رپورٹ ہوئے۔

21 اگست کو ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ کراچی کرمنلز کیلیے اب فیورٹ نہیں رہا اور اب کرمنلز کو ٹارگٹ کرنے کا آغاز ہو چکا ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا تھا کہ اسٹریٹ کرائم میں کمی آگئی ہے بائیکس اور گاڑیوں کی چوری چھیننے کی وارداتوں میں کمی ہوئی، رینجرز کے ساتھ مل کر آپریشنز کو بڑھایا ہے 2 کروڑ 50 لاکھ کی آبادی میں کرائم کو ختم تو نہیں البتہ کم کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں مزاحمت پر قتل اور زخمی کے واقعات نہیں ہو رہے، ماضی میں مزاحمت پر قتل اور زخمی ہونے والے واقعات بڑھ گئے تھے۔