کراچی: صدر کے رہائشی علاقے میں سلنڈر دکانیں بڑا خطرہ بن گئیں،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی خاموشی کے باعث یہ کاروبار بلا خوف و خطر جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں صدر کے رہائشی علاقے میں پٹاخوں کے گودام کے بعد اب سلنڈر اور ایل پی جی کی دکانیں بھی شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن گئی ہیں۔
رہائشی عمارتوں کے نیچے گیس سلنڈر اور ایل پی جی کی دکانیں قائم ہیں، جبکہ کئی مقامات پر دکاندار سلنڈر سڑک پر رکھ کر کام کر رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی خاموشی کے باعث یہ کاروبار بلا خوف و خطر جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں رہائشی عمارتوں کے نیچے قائم گیس سلنڈر دکانوں میں آگ اور دھماکوں کے متعدد واقعات ہو چکے ہیں، جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، تاہم اس کے باوجود متعلقہ ادارے مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔
شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت بڑا سانحہ پیش آسکتا ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی عمارتوں کے نیچے سلنڈر اور ایل پی جی دکانوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے.