کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تبدیلی کے بعد حیدرآباد کے ایڈمنسٹریٹر اور ضلعی ایڈمنسٹریٹرز کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکریٹری بلدیات سندھ نے ضلعی ایڈمنسٹریٹر کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ ضلعی ایڈمنسٹریٹر کا چارج ایم کیو ایم کے نامزد لوگوں کو سونپ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پہلے ضلعی ایڈمنسٹریٹر کا اضافی چارج اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے پاس تھا جبکہ پہلے مرحلے میں تین اضلاع میں ایڈمنسٹریٹر تعینات کیے گئے ہیں۔
کراچی کے ضلع شرقی، وسطی اور کورنگی میں ایم کیو ایم کے نامزد افسران تعینات کیے گئے ہیں جبکہ تعیناتی ہونے والے افسران سرکاری عہدوں پر بھی فائز ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع شرقی میں شکیل احمد کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے جبکہ وسطی میں فرقان اطیب کو ایڈمنسٹریٹر کا چارج سونپا گیا ہے۔
ضلع کورنگی میں محمد شریف خان کو ایڈمنسٹریٹر کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔