کراچی : دو دریا میں بچوں سمیت کودنے والا شخص کون تھا؟ اہم انکشاف

کراچی : سی ویو پر بچوں سمیت خودکشی کرنے والا شخص کون تھا؟ اہم انکشاف

کراچی : سی ویو پر بچوں سمیت خودکشی کرنے والے شخص کی ابتدائی معلومات سامنے آگئی، خودکشی کرنے والا اسکول ٹیچر نکلا ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سی ویو پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں بچوں سمیت سمندر میں کودنے والے شخص کی شناخت ہوگئی۔

ابتدائی معلومات میں بتایا گیا کہ بچوں سمیت سمندر میں کودنے والے شخص اسکول ٹیچر نکلا، اورنگزیب عالم نامی شخص اورنگی ٹاؤن ساڑھے 8 نمبر کا رہائشی تھا اور عامر پبلک اسکول میں بطور استاد فرائض انجام دے رہا تھا۔

علاقہ مکینوں اور پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اورنگزیب عالم کا اپنی اہلیہ سے گھریلو ناچاقیوں کے باعث اکثر جھگڑا رہتا تھا، جو مبینہ طور پر اس افسوسناک قدم کی وجہ بنا۔

گزشتہ روز اورنگزیب عالم اپنے بیٹے اور بیٹی کو ساتھ لے کر سی ویو کے قریب دودریا پر پہنچا اور تینوں نے سمندر میں چھلانگ لگا دی۔

ریسکیو اداروں کی جانب سے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی گئی، جس کے دوران ایک بچے کی لاش سمندر سے نکال لی گئی۔ لاش کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم، دیگر دو افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق اندھیرا ہونے کی وجہ سے گزشتہ رات سرچ آپریشن روک دیا گیا تھا، تاہم آج صبح روشنی ہوتے ہی بحری خدمات کی ٹیموں نے دوبارہ آپریشن شروع کر دیا۔

مزید پڑھیں : کراچی: دو دریا پر بچوں کے ڈوبنے کا واقعہ، عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

سرچ آپریشن میں دو اسپیڈ بوٹس اور آٹھ غوطہ خور حصہ لے رہے ہیں، جبکہ ممکنہ طور پر جدید سونار ٹیکنالوجی کی مدد سے بھی تلاش کا دائرہ بڑھایا جا رہا ہے۔

پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور گھریلو جھگڑوں کے محرکات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ نہ صرف معاشرتی مسائل بلکہ ذہنی صحت کے بڑھتے ہوئے بحران کی سنگینی کو بھی اجاگر کرتا ہے، جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔