کراچی : ناظم آباد میں شہری منٹوں میں نئی قیمتی موٹرسائیکل سے محروم ہوگیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی ،اسٹریٹ کرائم اور چوری کی وارداتیں عروج پر ہے، ناظم آباد نمبر 1 میں نوجوان سے نئی قیمتی موٹرسائیکل چھین لی گئی۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری گھر کے قریب پہنچتاہے،پیچھے سے ملزمان بھی آجاتے ہیں۔
ملزمان نے اسلحے کے زور پر شہری سےموٹرسائیکل چھینی اور واردات کے بعد باآسانی فرارہو گئے۔
رواں ماہ کے آغاز میں کراچی الفلاح سوسائٹی کے علاقے باغ ابراہیم میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی ، جہاں موٹرسائیکل سوار ملزم نے اسلحے کے زور پر خاتون سے سونے کی انگوٹھی چھین لی تھی۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں خاتون کو بچے کے ساتھ گلی سے جاتے دیکھا جاسکتا تھا، خاتون تھوڑی دیر مزاحمت کرتی ہے، اس دوران گلی میں ایک نوجوان آتا ہے تو ڈاکو اسلحے کے اشارے سے نوجوان کو واپس جانے کی دھمکی دیتا ہے۔