کراچی(21 اگست 2025): کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جس سے 22 افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں صدر ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکے ہوا جس کے بعد آگ لگ گئی دھماکے اور آگ کے نیتجے میں 22 افراد زخمی ہوگئے، گودام میں دھماکے سے عمارتوں کے شیشے ٹو ٹ گئے، گاڑی، رکشے کو نقصان پہنچا ہے۔
دھماکے سے گرد و نواح کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور آگ لگ گئی، پٹاخوں کے گوادم میں دھماکے اور آگ لگنے کے بعد سیاہ دھواں پھیل گیا، دھماکے کے بعد دھواں بلڈنگ کے اطراف میں پھیل گیا۔
چیف فائر آفیسر محمد ہمایوں خان کا کہنا ہے کہ آگ پر 70 سے 80 فیصد قابو پالیا گیا ہے، ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ 22 میں سے 8 افراد جھلسنے سے شدید زخمی ہوئے ہیں، فائر بریگیڈ کی 12 سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی جائے وقوع پر موجود ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق پٹاخوں کی یہ دکان کافی عرصے سے موجود تھی، عمارتوں کے شیشے ٹوٹنے سے بھی کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں 13 اور سول اسپتال میں 7 زخمیوں کو لایا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے واقعے سے متعلق بیان میں کہا کہ آبادی کے درمیان ایسے مواد کی تیاری کی اجازت نہیں، آگ پر قابو پا کر مجھے آگاہ کریں۔
ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز بھی ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، چھت پر محصور افراد کو بحفاظت نکالا جا رہا ہے۔