کراچی کی بارش نے سرفراز احمد کو کیسے متاثر کیا؟

کراچی (20 اگست 2025): شہر قائد میں شدید بارش نے ہر خاص وعام شہری کو پریشان کیا سابق قومی کپتان سرفراز احمد بھی اس سے متاثر ہوئے۔

گزشتہ روز سے جاری بارش نے جہاں کراچی کو پانی پانی کرتے ہوئے روشنیوں کے شہر سے ایک بڑے سوئمنگ پول میں تبدیل کر دیا، جس میں انسان سمیت گاڑیاں، پولیس بھی تیرتی نظر آئی۔

متعلقہ اداروں کی غفلت نے باران رحمت سے زحمت بننے والی اس بارش نے شہر قائد کے تمام خاص وعام کو پریشانی میں مبتلا کیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد بھی اس سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔

ہوا کچھ یوں کہ کراچی میں حسب روایت بارش کے ساتھ ہی بجلی کی بندش بہت طویل ہوگئی اور کچھ علاقے تو ایسے ہیں کہ وہاں پورا دن گزرنے کے بعد بجلی نے اپنی جھلک تک نہیں دکھائی ہے۔

سرفراز احمد بھی بجلی کی طویل بندش اور بارش کے بعد بھی بحال نہ ہونے پر شدید اذیت میں مبتلا ہو گئے جس کا اظہار انہوں نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری کے ذریعہ کیا۔

چیمپئنز ٹرافی کے فاتح سابق قومی کپتان اس موقع پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور بجلی کی فوری بحالی کے لیے کے الیکٹرک کے آگے ہاتھ جوڑ لیے اور کہا کہ بفرزون کے رہائشی 10 گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہیں۔

انسٹا گرام اسٹوری پر پیغام شیئر کرتے ہوئے کے الیکٹرک حکام کو مخاطب کیا اور ان سے درخواست کی کہ بھائی مہربانی کر کے بفرزون کی بجلی بحال کر دو۔ 10 گھنٹے ہو گئے ہیں اور اب تو یو پی ایس بھی بند ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے اور مختلف حادثات میں 15 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

شہر قائد میں گزشتہ روز بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے سینکڑوں فیڈر ٹرپ کر گئے تھے۔ بیشتر علاقے 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود اب بھی تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔