کراچی : شہر قائد میں ہیٹ ویو اور گرمی کی شدید لہر آج سے شروع ہوگی، آج درجہ حرارت بیالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ ماہرین صحت نے ہدایات جاری کی ہیں کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیٹ ویو کی لہر کا آغاز ہوگیا ، شہر میں آج درجہ حرارت بیالیس ڈگری تک جاسکتا ہے، سمندری ہوائیں بھی بند رہیں گی، شدید گرمی کی لہر جمعہ تک جاری رہے گی۔
کراچی کاموجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 18 فیصد ہے جبکہ ہوا 16 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے حیدر آباد، سکھر اور تربت میں بھی پارہ 40 سے اوپر جائے۔
ہیٹ ویو کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔شہرمیں ایک سوپندرہ مقامات پرہیٹ اسٹروک سینٹرقائم کئے گئے ہیں، ایک سو پچاسی مقامات پرسبیلوں کا انتظام کیا گیا، چوبیس مقامات پرموبائل امدادی ٹیمیں موجود ہیں۔
طبی ہرین نے مشورہ دیا درجہ حرارت بڑھنے پر احتیاطی تدابیر اپنائیں، شہری تیز دھوپ اورگرمی میں نکلنے سےگریز کریں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور سر ڈھانپ کر باہر نکلے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہےہیٹ اسٹروک سے متاثرہ شخص کوفوری طبی امداد دی جائے، متاثرہ شخص کوٹھنڈی اور سائے دارجگہ پر لٹادیں اور فوری طور پر اسپتال پہنچانے کی کوشش کریں، پانی کا زیادہ استعمال اورگرم مشروبات سے پرہیز کریں.
گذشتہ روز بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاتھا تاہم شام میں سمندری ہوائیں بحال ہوگئیں تھیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد سمیت پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، گوجرانوالا، اور سرگودھا میں آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، اور کوہاٹ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ گلگت بلتستان اورکشمیرمیں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔