نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق این ای او سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹے میں کراچی میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، میر پورخاص، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے، مختصر وقت میں 50 سے 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، میر پورخاص اور سکھر میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے جبکہ ٹھٹہ، بدین، جامشورو اور دادو میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ای او سی کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ اور قریبی ندیوں میں پانی کی سطح بڑھنے سے نچلے علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، مرکزی شاہراہوں اور مقامی سڑکوں کے زیر آب آنے سے آمدو رفت متاثر رہنے کا امکان ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں تعطل کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے اور سیلاب کے خطرے سے دو چار علاقوں کے رہائشی قیمتی اشیا، مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔