کراچی والے تیار ہوجائیں ! طوفانی بارش کی پیش گوئی

کراچی بارش

کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کے ایک اور اسپیل کے نتیجے میں طوفانی بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے موسلادھاربارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا بارش سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام کہیں ہلکی اورکہیں تیزبارش متوقع ہے، مون سون کا اسپیل 3روزتک جاری رہےگا تاہم دن کےاوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت32ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد راولپنڈی اورلاہورسمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں مون سون کا سلسلہ جاری ہے، راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ، جس کے بعد واسا نے ہائی الرٹ وارننگ جاری کردیا ہے۔

شیخوپورہ ،فیصل آباد،سیالکوٹ، گجرات ،منڈی بہاؤالدین،جہلم ،حافظ آباد ،ننکانہ اور جام پورسمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بھی تیز ہواؤں کےساتھ بارش نے جل تھل ایک کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسنے کا سلسلہ جاری ہے۔

بھمبر آزاد کشمیر بارش سے ندی نالے بپھرگئے، جس سے درجنوں دیہاتوں کو ملا نے والا رابطہ پل بہہ گیا جبکہ سماہنی میں مکان گرنے سے خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔

چترال کےدونوں اضلاع میں سیلابی صورتحال ہے، دریائے چترال میں طغیانی سے کئی نشیبی علاقے زیرآب ہیں جبکہ درجنوں رابطہ سڑکیں اوربجلی کانظام منقطع ہوگیاہے