کراچی: پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی بچے سمیت قتل ، مقدمہ درج

کراچی میاں بیوی قتل

کراچی: گھگرپھاٹک کے قریب میاں بیوی اور بچے کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، پوسٹ مارٹم کے بعد تفتیش کا آغاز کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی گھگر پھاٹک کے قریب میاں بیوی اور بچے کے قتل کا مقدمہ تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں درج کرلیا گیا۔

سفاکانہ قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں درج کیا ، مقدمہ قتل کی دفعہ 302 کے تحت ایک سے زائد ملزمان کیخلاف درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ میرے بھائی، بھابھی اور بھتیجےکورات 2بجے قتل کیا گیا ، قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، میتوں کو گزشتہ رات تدفین کیلئے بلوچستان کے علاقے بیلہ منتقل کیا تھا۔

رشتےداروں نے لاشوں کو دفنانے سے انکارکردیا ہے ، میتوں کو واپس سہراب گوٹھ سرد خانے منتقل کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں : کراچی: میاں، بیوی اور بچے کے قاتل کون؟ تحقیقات میں سنسنی خیز انکشاف

یاد رہے گذشتہ روز کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک کے قریب گھر میں میاں، بیوی اور بچے کو قتل کر دیا گیا تھا، پولیس کے مطابق مرنے والوں کا اصل تعلق بلوچستان سے تھا اور انہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔

واقعہ کی مزید تفتیش کی تو نئے انکشافات سامنے آئے ہیں اور پولیس کا کہنا تھا کہ ماں باپ اور بچے کو بے دردی سے قتل کرنے والے قاتل ایک روز قبل ہی مقتولین کے گھر مہمان بن کر آئے تھے اور قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس کا بتانا تھا کہ مقتول جوڑے عبدالمجید اور سکینہ نے 6 سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا عبدالنبی تھا۔ یہ خاندان ایک سال قبل ہی گھگر پھاٹک کے قریب رہائش اختیار کی تھی۔