کراچی، شوہر نے بیوی کو خنجر کے وار کرکے زخمی کردیا

کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں شوہر نے بیوی کو خنجر کے وار کرکے زخمی کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی معین آباد میں شوہر نے بیوی کو خنجر کے وار کرکے زخمی کردیا، شوہر کے ہاتھوں زخمی ہونے والی خاتون معجزانہ طور پر بچ گئی۔

اقدام قتل کے سفاکانہ واقعے کی پولیس نے 5 دن گزرنے کے بعد بھی تفتیش شروع نہیں کی ہے۔

متاثرہ خاتون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین کے ہمراہ گاؤں سے کراچی آئی تھی، شوہر نے گھر کرائے پر لیا اور دوسرے دن ہاتھ باندھ دئیے۔

مزید پڑھیں: کراچی، شوہر نے بیوی کو ڈنڈوں کے وار کرکے قتل کردیا

متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ شوہر نے کہا میں جو بات کہوں وہ مانو ورنہ گردن کاٹ دوں گا، شوہر چھرے کے زور پر پٹیل پاڑے سے لانڈھی رکشے میں لایا تھا۔

خاتون نے کہا کہ شوہر نے لانڈھی میں اندھیری گلی دیکھ کر اچانک کمر میں چھرا گھونپ دیا، کمر میں دو مرتبہ چھرا گھونپا اس کے بعد جسم پر وار کیے۔

متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کئی مرتبہ چھرے کے وار کرنے کے بعد وہ سمجھا میں مر گئی ہوں، میں زخمی حالت میں اسپتال پہنچی تھی۔

خاتون کا کہنا تھا کہ والد نے واقعے کا مقدمہ درج کرادیا، پولیس نے رابطہ نہیں کیا، متاثرہ خاتون نے اپیل کی کہ شوہر کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔

آئی جی سندھ نے بیوی کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر سے تفصیلات طلب کرلیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس کو واقعہ میں ملوث ملزم کے خلاف کارروائی کا پابند بنایا جائے، متاثرہ خاتون اور اہلخانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔