بارشوں کے باوجود کراچی، حیدرآباد میں حالات کنٹرول میں ہیں، ترجمان سندھ حکومت

شدید بارشوں

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ غیرمعمولی بارشوں کے باوجود کراچی کی طرح حیدرآباد میں بھی حالات کنٹرول میں ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ حیدرآباد کبھی ڈوبا تھا تو وہ ایم کیو ایم کا دور تھا، حیدرآباد میں بارشوں میں کشتیاں چلیں، تو وہ 2006 کا سال تھا۔

انھوں نے کہا کہ 2006 میں حیدرآباد کے میئر کیساتھ صوبے اور وفاق میں بھی ایم کیو ایم براجمان تھی، حالیہ بارشیں اگست میں معمول سے 300 فیصد زیادہ ہوئی ہیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ حیدرآباد کا جیالا میئر کاشف شورو بھی بارش کے دوران عوام کے ساتھ کھڑا ہے، چند مقامات کےعلاوہ حیدرآباد کے راستے کھلے اور گلی محلے صاف ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جن اِکا دُکا نشیبی علاقوں میں پانی موجود ہے وہ بھی جلد نکال دیا جائے گا، عوام پوائنٹ اسکورنگ کی سیاست کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم والے گٹروں اور نالوں سے باہر نکلیں، نفرت، تعصب اور پوائنٹ سے آگے دیکھیں۔

ایم کیو ایم رہنما کے حیدرآباد سے متعلق بیان پر سعدیہ جاوید نے دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی کراچی پر بارشی سیاسی ہنڈیا بیچ چوراہے پر پھوٹ پڑی تو حیدرآباد جا پہنچی، ایم کیو ایم والے بھائی لوگو! عوام کا حافظہ کمزور نہیں۔