کراچی میں جدید اسمارٹ ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

کراچی میں جدید اسمارٹ ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

کراچی : سندھ حکومت نے کراچی میں جدید اسمارٹ ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا، پہلے مرحلے میں دس منتخب مقامات پر اسمارٹ پارکنگ زونز قائم کیے جائیں گے۔

پانی، بجلی، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور بے ہنگم ٹریفک سمیت پارکنگ بھی شہرقائد کے باسیوں کےلیے ایک بڑا اوردیرینہ مسئلہ ہے، جس کےحل کےلیےاب تک کسی جامع حکمت عملی اور بڑے منصوبوں کافقدان نظرآتا ہے۔

سندھ حکومت نے اس ضمن میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے شہر میں جدید اسمارٹ ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پہلے مرحلے میں دس منتخب مقامات پر اسمارٹ پارکنگ زونز قائم کیے جائیں گے، جہاں جدید ڈیجیٹل ٹکٹنگ، کیش لیس ادائیگی، حقیقی وقت میں پارکنگ کی معلومات اور بہتر سیکورٹی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

نئے اسمارٹ زونز کے قیام کے لیے محکمہ چارجڈ پارکنگ نے ٹینڈر جاری کر دیے ہیں، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نجی شعبے کی شراکت سے منصوبے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں : کراچی کے 25 ٹاؤنز میں پارکنگ فیس ختم ، نوٹیفکیشن جاری

کے ایم سی کے مطابق اسمارٹ پارکنگ سسٹم نہ صرف پارکنگ کامؤثر حل پیش کرے گا، بلکہ شہری آمدورفت اور ٹریفک مینجمنٹ کو بھی بہتر بنائے گا۔

اس سے قبل شہر کے بتیس مقامات پر پارکنگ مفت کر دی گئی تھی جبکہ سندھ حکومت نے 25 ٹاؤنز میں جاری پارکنگ فیس مکمل ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

شہر کی تمام سڑکوں پر چارجڈ پارکنگ فیس لینے پرمکمل پابندی عائد کردی، فیس اب صرف پلازہ، پلاٹس یا مخصوص کونسلز کے مخصوص علاقوں میں لی جائے گی۔