بارش میں خاتون سے نازیبا حرکت کرنے والا شخص گرفتار ہو گیا

کراچی جمشید کوارٹرز نازیبا حرکت

کراچی (23 اگست 2025): شہر قائد میں ایک خاتون سے نا زیبا حرکت کرنے والے شخص کو جمشید کوارٹرز پولیس نے گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں جمشید کوارٹرز پولیس نے خاتون سے نازیبا حرکت کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم کی چند دن قبل بارش میں خاتون سے نا زیبا حرکت کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

جمشید کوارٹرز پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو جمشید ٹاؤن میں بنائی گئی تھی، جس سے ملزم کی شناخت واضح ہوئی، ملزم محب اللہ کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جولائی میں ملتان کے علاقے المصطفیٰ کالونی میں ایک بچی کے ساتھ ہونے والی نازیبا حرکت کا واقعہ مشہور ہوا تھا، عادل ولد غفور نامی مقامی رہائشی نے راہ چلتی چھوٹی لڑکی پر حملہ کر کے جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

بچی کیساتھ نازیبا حرکت کرنیوالا ملزم زخمی حالت میں گرفتار

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا، پولیس کا کہنا تھا کہ چھاپے کے وقت ملزم نے پولیس پر فائرنگ کی جس پر جوابی فائرنگ سے وہ زخمی ہوا۔

گزشتہ ہفتے پندرہ اگست کو پنجاب کے شہر پیر محل میں ایک راہ چلتی لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکت کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس کے بعد پولیس نے نوجوان کو تلاش کر کے اسے گرفتار کر لیا تھا، اس واقعے میں دو موٹر سائیکل سواروں نے لڑکی پر حملہ کیا تھا۔