اسرائیلی جارحیت کیخلاف کراچی کے صحافیوں کا مارچ

اسرائیلی جارحیت کیخلاف کراچی کے صحافیوں کا مارچ

کراچی کے صحافیوں نے غزہ میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران صحافیوں کی شہادت پر آزادانہ تحقیقات کیلیے کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

غزہ میں صحافیوں کو نشانہ بنانے پر اسرائیل کے خلاف کراچی پریس کلب تا گورنر ہاؤس سندھ تک صحافیوں نے مارچ کیا جس میں صحافیوں، وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مارچ کے شرکا نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطنی مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر شرکاء کی جانب سے پرجوش نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

گورنر ہاؤس کے سامنے صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد، صدر پی ایف جو جے جی ایم جمالی، سیکریٹری ایف یو جے دستور اے ایچ خانزادہ، صدر کراچی یونین جرنلسٹس دستور خلیل ناصر، سیکرٹری نعمت خان، جی عاجز جمالی، عامر لطیف، مقصود یوسفی، احمد حسن، طارق ابو الحسن، جاوید چوہدری، احمد حسن، جمیل احمد اور مختلف صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں نے مارچ کے شرکاء سے خطاب بھی کیے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ غزہ میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کی آزادانہ تحقیقات کے لیے کمیشن بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ اور لبنان میں جنگی جرائم میں ملوث ہے، اسرائیل دنیا کا وہ واحد ملک ہے جس نے سب سے زیادہ صحافیوں کا قتل کیا ہے، اسرائیل آزاد صحافت کے خلاف جرائم کی طویل تاریخ رکھتا ہے، اسرائیل 50 سے زائد صحافیوں کو ان کے گھروں میں نشانہ بنا کر اہل خانہ سمیت شہید کیا ہے۔

صحافی رہنماؤں نے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں صحافیوں کے قتل پر اقوام متحدہ کی خاموشی قابل مذمت ہے، عالمی صحافتی تنظیموں کی جانب سے بھی اسرائیل کا نام لے کر اس کی مذمت نہ کرنا افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی صحافتی تنظیموں کو خطوط لکھ کر ان کے جانبدارانہ رویہ کی جانب توجہ مبذول کرائی جائے، مارچ کے شرکاء نے معصوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔