کراچی کنگز کی شاندار فتح، لاہور آؤٹ کلاس

کراچی: کراچی کنگز نے پی ایس ایل 8 کے آٹھویں میچ میں لاہور قلندرز کو شکست دیتے ہوئے ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے آٹھویں میچ میں کراچی کنگز نے روایتی حریف لاہورقلندرز کو 69 رنز سے شکست دیدی۔

لاہور قلندرز کراچی کنگز کی جانب سے دئیے گئے 186 رنز ہدف کے تعاقب میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عاکف جاوید لاہور قلندرز پر قہر بن کر ٹوٹے اور چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عامریامین اور بین کٹنگ نے2،2وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندرز کی جانب سے مرزا طاہر بیگ نے 45 رنز بنائے، کامران غلام 18 رنز بناسکے، اس کے علاوہ کوئی بھی بیٹر کراچی کے بولرز کا سامنا نہ کرسکا اور پویلین چلتا بنا۔

اس سےقبل کراچی کنگز نے اوپنر بیٹرز میتھو ویڈ اور جیمس وینس کی 70 رنز کی اوپننگ شراکت کے نتیجے میں مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

میتھو ویڈ نے 36 رنز کی اننگز کھیلی، جیمس وینس نے 46 رنز کی دلکش اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں دو بلند وبالا چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

میچ کے آخری لمحات میں کپتان عماد وسیم اور بین کٹنگ نے جارحانہ کرکٹ کھیلی اور 35 گیندوں پر 50 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعے کو 185 رنز پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بین کٹنگ نے 20 اور عماد وسیم نے 35 رنز بنائے، عماد وسیم کی اننگز میں دو بلند و بالاچھکے بھی شامل تھے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان، حارث رؤف، شاہین آفریدی اور لیون ڈیوسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ایونٹ میں ابھی ہمارا دوسرا میچ ہے اس لیے پہلے ہم اپنی بولنگ کو ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں اب تک ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی لیکن بد قسمتی سے تینوں میچوں کو بہتر طریقے سے اختتام تک نہیں لاسکے

انہوں نے کہا ہم نے مسلسل ناکامیوں کے بعد بیٹھ کر بات چیت کی ہے ، اب بھر پور طریقے سے ٹورنامنٹ میں واپسی کی کوشش کریں گے۔

کراچی کنگز نے میر حمزہ کی جگہ فاسٹ بولر عاکف جاوید کو فائنل الیون میں شامل کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 8، آج دو بڑے میچز کھیلے جائیں گے

کراچی کنگز اسکواڈ: جیمز وینس، حیدر علی، شعیب ملک، عماد وسیم (کپتان)، میتھو ویڈ، بین کٹنگ، عرفان اللہ نیازی، عامر یامین، عاکف جاوید، محمد عامر اور عمران طاہر

لاہور قلندرز اسکواڈ: شاہین شاہ آفریدی(کپتان)، فخرزمان، طاہر بیگ، شائے ہوپ، کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا، لائم ڈیوسن، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور زمان خان

واضح رہے کہ کراچی کنگز ایونٹ میں اب تک تین میچز کھیل چکی ہے تاہم فتح کے انتہائی قریب آکر ناکام رہی ہے۔ لاہور قلندرز نے ایک میچ کراچی کنگز کے خلاف کھیلا ہے جو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے اپنے نام کیا تھا۔