کراچی: کورنگی میں شہری کے ہاتھوں مبینہ ڈاکو ہلاک

کراچی کے علاقے کورنگی سیکٹر 23 میں شہری نے فائرنگ کرکے مبینہ ڈاکو کو ہلاک کردیا۔

کراچی کے علاقے کورنگی سیکٹر 23 میں شہری کے ہاتھوں ہلاک ہونے والا ڈاکو جمیل پولیس کو 19 مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔

ہلاک ملزم جمیل کو ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر دیکھا جاسکتا ہے، ملزم کو فٹ پاتھ پر ایک جگہ رکتے بھی دیکھا گیا، جمیل موٹر سائیکل سے اتر کر پیچھے بیٹھا اور ساتھی چلانے لگا۔

ملزم نے اسی سڑک پر ٹریفک جام میں شہری سے لوٹ مار کی تھی، اس دوران ملزم پر شہری وقاص نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ مارا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم پر دہشت گردی، اقدام قتل، پولیس مقابلوں، ڈکیتی اور منشیات کے کیسز تھے، ملزم جمیل کے خلاف شرافی گوٹھ میں 8، ڈیفنس میں 6، کورنگی انڈسٹریل ایریا میں 4، شاہ فیصل کالونی میں ایک مقدمہ درج تھا۔

یہ پڑھیں: کراچی: اورنگی ٹاؤن میں داماد کے ہاتھوں سسر سمیت 3 افراد قتل

ملزم جمیل کے خلاف تمام مقدمات 2019 سے 2023 تک درج کیے گئے، ملزم کی 2022 میں گرفتاری کے بعد انٹیروگیشن بھی کی گئی تھی، جمیل احمد کے مطابق وہ ساکرو میں پیدا ہوا اور باڑے پر کام کرتا تھا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ متعدد ڈکیتیاں کیں اور منشیات بھی فروخت کرتا رہا۔