کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل کی ویڈیو سامنے آگئی۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں مسجد کے قریب سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کو ملزم نے فائرنگ کرکے اس وقت قتل کیا جب وہ نماز جنازہ میں شرکت کے لیے موجود تھے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق خواجہ شمس الاسلام کا قاتل ان کے سابق گن مین کا بیٹا عمران آفریدی ہے۔ ملزم نے چند ماہ قبل بھی خواجہ شمس پر حملہ کیا تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ملزم کا الزام ہے کہ اس کے والد کو خواجہ شمس الاسلام نے 2021 میں قتل کرایا تھا۔
تاہم اب وکیل پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم عمران آفریدی کو قریب سے فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے اور وہ نیلے شلوار قمیض میں ملبوس تھا۔
ویڈیو میں ملزم کو فائرنگ کے بعد فرار ہوتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسجد کے اندر اور باہر دیگر کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں جس سے پتا چل سکے کہ ملزم اکیلا تھا یا اس کے ساتھ کوئی اور بھی موجود تھا۔