کراچی: لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کا مقدمہ کس کے خلاف درج ہوا؟

کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں عمارت گرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس بی سی اے کے گرفتار افسران کے خلاف عمارت گرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقدمہ حماد اللہ سیکشن آفیسر لوکل گورنمنٹ ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں قتل خطا، غفلت، لاپرواہی اور زمینوں پر قبضے کی دفعات شامل ہیں۔

پولیس و دیگر تحقیقاتی اداروں نے ایس بی سی اے افسران و اہلکاروں کو گرفتار کیا تھا، مقدمے میں ملوث افسران کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش جاری ہے۔

یہ پڑھیں:  لیاری حادثہ: سندھ حکومت کا متاثرہ خاندانوں کو 3 ماہ کا کرایہ دینے کا اعلان

وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سندھ حکومت گزشتہ دنوں لیاری حادثہ کے متاثرہ خاندانوں کو تین ماہ کا کرایہ بطور امداد دے گی۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ گزشتہ دنوں عمارت گرنے والے واقعہ کے بعد لیاری میں مزید 9 غیر محفوط عمارتیں خالی کرا لی گئی ہیں اور ان میں سے ایک خستہ حال عمارت کا انہدام جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے نئے ڈائریکٹر جنرل نے ادارے کے افسران کو 15 دن میں اپنے اثاثوں کی تفصیل جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔