قتل کے واقعے کو خاتون سے بدتمیزی ظاہر کرنے والے ڈاکو نکلے

رپورٹر: عدنان راجپوت

کراچی: شہر قائد میں راشد منہاس روڈ پر جھگڑے پر فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا ڈراپ سین ہو گیا، قتل کے واقعے کو خاتون سے بدتمیزی ظاہر کرنے والے ڈاکو نکلے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں 21 اگست کی شب کو راشد منہاس روڈ پر فائرنگ سے فیاض نامی شہری جاں بحق ہو گیا تھا، جس پر پولیس نے حمزہ نامی شخص کو گرفتار کر لیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق حمزہ نے ابتدائی طور پر بیان دیا تھا کہ اس کی اہلیہ سے بدتمیزی کرنے پر اس کا 3 نوجوانوں سے جھگڑا ہوا، اس دوران فائرنگ سے فیاض ہلاک ہوا۔

تاہم پولیس نے گرفتار ملزم حمزہ سے جب تفتیش کی تو حقائق سامنے آ گئے، یہ واقعہ ڈکیتی کی واردات پر مبنی نکلا، پولیس نے تفتیش کے بعد 6 مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق حمزہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہوٹل پر بیٹھ کر واردات کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، ایسے میں شہریوں کو ان پر شک ہو گیا، جب شہریوں نے انھیں پکڑنے کی کوشش کی تو اس دوران وہ فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے ملزم حمزہ نے اپنی اہلیہ سے بدتمیزی کرنے کا ڈراما رچایا تھا۔