میئر کراچی نے تنقید کو مخالفین کا ’’بغض‘‘ قرار دے دیا

مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بارش کے بعد ابتر صورتحال پر کی جانے والی تنقید کو مخالفین کا ’بغض‘ قرار دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تنقید کی گئی کہ نالوں کی صفائی کی گئی ہوتی تو بارش کا پانی سڑکوں پر نہیں آتا، اگر نالے صاف نہیں ہوتے تو پانی سڑکوں سے کیسے صاف ہوتا؟

انہوں نے کہا کہ ہم نے جون میں نالوں کی صفائی شروع کردی تھی، 30 لاکھ کیوبک فٹ نالوں سے کچرا نکال کر لینڈ فل سائٹ تک پہنچایا۔

میئر کراچی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز کو اب تک 27 ارب روپے دیے جاچکے ہیں۔

یہ پڑھیں: ’جماعت اسلامی کے ٹاؤنز کو ایک روپے کا ترقیاتی فنڈ بھی نہیں دیا گیا‘

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم بھی غلطیوں سے سیکھتے ہیں، ہم سے یہ غلطی ہوئی کہ ٹریفک کا بندوبست نہیں کیا، شارع فیصل تین جگہ سے چوک ہوئی جس سے پورے کراچی کا نظام درہم برہم ہوا۔

واضح رہے کہ کراچی کی مرکزی سڑکوں سے بارش کے پانی کی نکاسی مکمل کرلی گئی ہے لیکن گڑھوں سے ٹریفک متاثر ہے۔

تین ٹی سے گرومندر جانے والی سڑک پر گڑھے پڑنے سے ٹریفک سست روی کا شکار ہے، لیاقت آباد 10 نمبر کے قریب بھی گڑھے پڑنے سے بھی ٹریفک کا دباؤ ہے۔

ادھر آئی آئی چندریگر روڈ کے قریب حقانی چوک پر سڑک دھنس گئی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔