کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کیا ہے کہ شہر میں 200ملی میٹر بارش کا امکان ہے، جس سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے شہر قائد سمیت سندھ بھر میں اکتیس اگست موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال سےاٹھنےوالاہوا کا کم دباؤ مزید شدت اختیارکرنے کےبعد ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا، جس کے باعث اکتیس اگست تک کراچی ڈویژن میں وقفے وقفےسےگرج چمک اور تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اس سسٹم کے تحت طاقتورمون سون ہواؤں کا سلسلہ جنوب مشرقی سندھ پر اثر انداز ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ صبح سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش کاسلسلہ جاری ہے، سسٹم کے قریب آتے ہی بارش میں شدت آئے گی اور دوپہرسےشہرمیں موسلاھاربارش شروع ہوگی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے بتایا کہ طاقتورمون سون ہواؤں کاسسٹم سندھ میں طوفانی بارشوں کاسبب بن رہا ہے، شہر قائد میں 150سے200ملی میٹر جبکہ ٹھٹھہ،بدین میں 300 سے400 ملی میٹربارش ہوسکتی ہے
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 28 سے 30 اگست کراچی سمیت سندھ بھرمیں طوفانی بارشیں متوقع ہیں، جس سے شہر میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے
گزشتہ رات سے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا تھا، گلستان جوہر، راشد منہاس روڈ، ایف بی ایریا، بفرزون، عائشہ منزل، کریم آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد میں تیز بارش ہوئی، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور، پی ای سی ایچ ایس، کشمیر روڈ ، ایم اے جناح روڈ، صدر ، لائٹ ہاوس ، بولٹن مارکیٹ، کلفٹن، لانڈھی، کورنگی، ملیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔