کراچی: گلشن معمار سے کمسن بچی کی لاش برآمد

کراچی کے علاقے گلشن معمار سے 6 سالہ کمسن بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار افغان پولیس چوکی کے قریب سے 6 سالہ نامعلوم بچی کی لاش برآمد ہوئی۔

پولیس کا بتانا ہے کہ بچی کی لاش کے قریب سے اس کے کپڑے بھی ملے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے ، بچی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

یہ پڑھیں: کراچی: کچرا کنڈی سے کمسن بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لانڈھی مسلم آباد سے 7 سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی تھی جس کی شناخت منیبہ عمر کے نام سے ہوئی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے، بچی کے جسم پر جگہ جگہ تشدد کے نشانات موجود تھے۔

تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ اور اطراف کی جیو فینسنگ کی گئی ہے، مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کا ڈی این اے کروایا جائے گا۔