کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والا مبینہ مقابلہ کمسن بچی کی جان لے گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایم میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران فائرنگ سے چنگ چی رکشے میں سوار 9 ماہ کی انابیہ جاں بحق جبکہ ماں زخمی ہوگئی۔
خاتون کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا آپریشن جاری ہے۔
خاتون کے بھائی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میری بہن کو تین گولیاں لگیں اور ان کی حالت تشویش ناک ہے۔‘
کمسن بچی کے ماموں نے بتایا کہ ’فائرنگ کے وقت لڑکوں کے چیخنے کی آوازیں آرہی تھیں ہمیں نہیں معلوم بھانجی کو کس کی گولی لگی ہے۔
https://urdu.arynews.tv/karachi-firing-minor-girl-killed-mother-injured/
انہوں نے کہا کہ پولیس سے کیا امید رکھیں، زخمی بہن نے بتایا کہ جب انہوں نے دیکھا تو پولیس اہلکار فائرنگ کررہے تھے جبکہ ڈاکو بھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ بہن پولیس کو صدائیں دیتی رہیں کوئی مدد کو نہیں آیا۔
دوسری ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب کا کہنا تھا کہ واقعے میں پولیس اہلکار ملوث ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اہلکاروں کومحتاط رہ کر فائرنگ کرنے کے احکامات ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ بچی کو کس کی گولی لگی یہ معمہ حل نہ ہوسکا ہے اور پولیس اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔