کراچی: پی ای سی ایچ ایس میں کال سینٹر میں پھنسے 30 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا

کراچی: پی ای سی ایچ ایس میں کال سینٹرمیں پھنسے 30 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا

کراچی(20 اگست 2025): ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے کراچی میں بارش کے بعد پی ای سی ایچ ایس کے کال سینٹر میں پھنسے خواتین سمیت 30 ملازمین کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو مون سون کی شدید بارش کے باعث عمارت میں بارش کا پانی جمع ہوگیا تھا، بانی جانے کے باعث کال سینٹر کے ملازمین عمارت کے اندر پھنس گئے تھے۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق ہنگامی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ کر تمام ملازمین کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کردیا، کال سینٹر کے عملے میں خواتین بھی شامل تھیں۔

واضح رہے کہ کراچی کو حالیہ دنوں میں بڑے پیمانے پر بارش کے باعث سیلاب کا سامنا ہے کیونکہ مون سون کی شدید بارشوں نے شہر کے ناقص نکاسی آب کے نظام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، کئی نشیبی علاقوں، تجارتی اداروں، اور رہائشی علاقوں میں پانی بھر جانے کی اطلاع ہے۔

حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ محتاط رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آنے والے دو دنوں میں مزید تیز بارشوں کی وارننگ دی ہے۔

دریں اثنا، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے کہا کہ پاکستان بھر میں انٹرنیٹ خدمات بحال کر دی گئی ہیں جو شدید بارش کے بعد متاثر ہوئی تھیں۔